![Uswa e Rasool e Akram [S.A.W]](/store/1047/Cover Logo.jpg)
حسن اخلاق
اخلاقیات
حضرت عائشہ رضی الله عنھا سے روایت ہے کہ رسول الله (ﷺ) نے ارشاد فرمایا کہ صاحب ایمان بندہ اپنے اچھے اخلاق سے ان لوگوں کا درجہ اختیار کر لیتا ہے جو رات بھر نفل نمازپڑھتے ہوں اور دن کو ہمیشہ روزہ رکھتے ہوں ۔(ابو داؤد )
رسول الله (ﷺ) نے ارشاد فرمایا کہ تم سب میں مجھ کو زیادہ محبوب اور آخرت میں سب سے زیادہ مجھ سے قریب وہ شخص ہے جس کے اخلاق اچھے ہوں اور تم سب میں مجھ کو زیادہ برا لگنے والا اور آخرت میں مجھ سے سب سے زیادہ دور رہنے والا وہ شخص ہے جس کے اخلاق برے ہوں۔ (بہشتی زیور )
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے ارشاد فرمایا ایمان والوں میں زیادہ کامل ایمان والے وہ لوگ ہیں جو اخلاق میں زیادہ اچھے ہیں۔ (ابو داؤد ،دارمی،
(معارف الحدیث)
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا فرماتی ہیں* کہ رسول اللہ (ﷺ) دعا میں اللہ تعالیٰ سے عرض کیا کرتے تھے اے میرے اللہ تو نے اپنے کرم سے میرے جسم کی ظاہری بناوٹ اچھی بنائی ہے اسی طرح میرے اخلاق بھی اچھے کردے۔
(رواہ احمد، معارف الحدیث )
بعض صحابہ نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ (ﷺ) انسان کو جو کچھ عطا ہوا ہے اس میں سب سے بہتر کیا ہے؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اچھے اخلاق۔
(بیہقی، معارف الحدیث)
حضرت معاذ بن جبل رضی اللّٰہ عنہ سے روایت ہے کہ آخری وصیت جو رسول اللہ (ﷺ) نے مجھے اس وقت کی جب میں اپنی سواری کی رکاب میں پاؤں رکھنے لگا وہ یہ تھی کہ اے معاذ! لوگوں سے خوش خلقی کر۔
(موطا امام مالک حدیث #39,معارف الحدیث)